نئی دہلی،30؍اپریل(ایس او نیوز؍یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ حق اطلاعات آر ٹی آئی کے تحت ریزرو بینک نے گھپلہ بازوں کے68ہزار کروڑ روپے کا قرض معاف کرنے سے متعلق جو اطلاع دی تھی وہ صحیح ہے یا غلط،اس بارے میں حکومت کو وضاحت دینی چاہئے -
کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے چہارشنبہ کو حکومت سے پوچھا کہ اگر ریزور بینک نے آر ٹی آئی کے تحت صحیح اطلاع دی ہے تو اسے بتانا چاہے کہ جو قرض دار پیسہ لوٹانے کے بجائے مفرورہیں ان کے قرض کو کس بنیاد پر معاف کیاگیا ہے ان کا کہناتھا کہ اس بارے میں ریزرو بینک نے 24؍اپریل کو ایک آر ٹی آئی کے تحت گھپلہ بازوں کی فہرست دی ہے،حکومت کو بتانا چاہئے کہ یہ فہرست غلط ہے یا صحیح-انہوں نے ٹویٹ کر کے پوچھاکہ ملک کو بھٹکانے کے بجائے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن جی کو سچ بتانا چاہئے،کیونکہ یہی راج دھرم کی کسوٹی ہے -ہم آپ کو اور وزیراعظم نریندرمودی جی کو یہی کہیں گے ”تو ادھر ادھر کی بات نہ کر،یہ بتا کہ قافلہ کیوں لوٹا،مجھے رہزنوں سے گلا نہیں،تیری رہبری کا سوال ہے“ -
ترجمان نے حکومت سے سوال کئے اور کہاکہ مودی حکومت نے2014-15سے 2019-20کے درمیان ڈیفالٹروں کا6,66,000 کروڑ قرض کیوں رائٹ آف کیا-کیا50 ڈیفالٹروں کا 68,607کروڑ روپے قرض معاف کرنے کا ریزرو بینک کا آرٹی آئی کا جواب صحیح ہے -مودی حکومت ملک کا پیسہ لے کر بھاگے گھپلہ بازوں نیرو مودی،میہل چوکسی کے8,048کروڑ،جتن مہتا کے 6,038 کروڑ، وجئے ملیا کے1,943کروڑ روپے اور دیگر دوستوں کا قرض کیوں رائٹ آف کررہی ہے -اتنے بڑے6,66,000کروڑ روپے کے بینک کے قرض کو رائٹ آف کرنے کی اجازت حکومت میں کس نے دی اور کیوں اور نرملا جی 6,66,000کے قرض رائٹ آف کو‘سسٹم کی صفائی’نہیں،بینک میں جمع عوام کی گاڑھی کمائی کی صفائی کہتے ہیں -